مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کو انسانی خون کی چاٹ لگ چکی ہے، صدر مسعود خان

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کو انسانی خون کی چاٹ لگ چکی ہے، صدر مسعود خان
بھارت نے کشمیری عوام کے خلاف ظلم کی تمام حدود پار کر کے انہیں دیوار کے ساتھ لگا دیا ہے۔
ہر گزرتے دن کے ساتھ کشمیریوں کے دل میں بھارت کے خلاف نفرت بڑھ رہی ہے۔

اسلام آباد( ) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ تین دن میں 18کشمیریوں کی شہادت اور نہتے کشمیری عوام کے خلاف مظالم کے نئے سلسلے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے خلاف عملاً کھلی جنگ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے ریاست گیر ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ظلم ، جبر اور ریاستی استبداد کی تمام حدوں کو پار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں تعینات بھارت کے قابض فوج کو انسانی خون کی چاٹ لگ چکی ہے اور وہ بے گناہ انسانوں کے خون سے کھیل کر کشمیریوں کے دلوں میں بھارت کے خلاف پہلے سے موجود نفرت کی آگ کو مزید بڑھکا رہے ہیں۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت کا ظلم ، جبر اور استبداد کا ہر ہتھکنڈہ ناکام ہو چکا ہے کیونکہ کشمیر ی عوام پہلے سے زیادہ شدت سے بھارتی غلامی سے آزادی حاصل کرنے کے لئے سرگرم ہو چکے ہیں۔ بھارتی قابض فوج کی جانب سے گھر گھر تلاشیوں اور محاصروں کے دوران نوجوانوں کی شہادتوں کو انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت نے کشمیری نوجوانوں اور ان کے خاندانوں پر مظالم کر کے پوری کشمیری قوم کو دیوار کے ساتھ لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 72گھنٹوں میں 18نوجوانوں کی شہادت اسی بات کا ثبوت ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کو انسانوں کے قبرستان میں تبدیل کر کے کشمیریوں کی زمین ، پانی اور قدرتی وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ لیکن مقبوضہ کشمیر کے بہادر اور نڈر عوام بھارت کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے پوری طرح پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف کشمیریوں کے دل میں ہر گزرتے دن کے ساتھ نفرت بڑھتی جا رہی ہے کیونکہ کسی خاندان یا علاقے میں ایک شہادت سینکڑوں لوگوں کے دلوں میں قابض فوج کے خلاف نفرت پیدا کرتی ہے۔
صدر آزادکشمیر نے بھارت کے قومی میڈیا کی جانبداری اور مسلمانوں باالخصوص کشمیریوں کے خلاف تعصب پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا آر۔ ایس ۔ ایس اور بی ۔ جے ۔ پی کے انتہاء پسندوں کے ہاتھوں میں ایک کٹھ پتلی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ شوپیاں ، پامپورہ، اسلام آباداوراننت ناگ کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ شہداء کے مقدس خون اور عظیم قربانیوں سے کشمیر میں غلامی کی سیاہ رات جلد صبح آزادی میں بدلے گی اور دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو آزادی کے حق سے زیادہ دیر تک محروم نہیں رکھ سکتی۔ صدر آزادکشمیر نے بین الاقوامی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور بھارت پر دباؤ ڈال کر مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرائے۔

Download as PDF