صدارتی سیکرٹریٹ ، کیمپ آفس کشمیر ہاؤس اسلام آباد

کوٹلی ( ) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ تاریخ تیزی سے بدل رہی ہے اور آزادکشمیر کے طلبا وطالبات اس تبدیلی اور انقلاب کے لئے اپنے آپ کو تیار کریں۔ انٹرنیٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے دنیا کو اس قدر بدل دیا ہے کہ اب کوئی بھی طالب علم آزادکشمیر میں بیٹھ کر بھی وہ تعلیم حاصل کر سکتا ہے جو آکسفورڈ ، کیمبرج اور ہارورڈ یونیورسٹی میں داخلہ لینے والے طلبہ کو دی جاتی ہے۔یہ بات انہوں نے یونیورسٹی آف کوٹلی میں گرلز ہاسٹل کی نئی تعمیر شدہ عمارت کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر دلنواز احمد گردیزی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ تقریب میں جامعہ کے ڈین حضرات، پرنسپل آفیسرز، ڈائریکٹرز، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران ، ایڈمنسٹریٹیو سٹاف اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
صدر آزاد کشمیر نے یونیورسٹی آف کوٹلی کے بنیادی ڈہانچے کی تعمیر اور ساز گار تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لئے پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی کمیشن کی طرف سے ایک ارب اٹھتیس کروڈ کی امداد مہیا کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ایچ ای سی کی سرپرستی سے یونیورسٹی آف کوٹلی جلد آزادکشمیر میں اعلیٰ تعلیم کی بے مثال درس گاہ بن جائے گی۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی کمیشن کی امداد سے گرلز ہاسٹل کی تعمیر سے یونیورسٹی کی طالبات کو محفوظ رہائشی سہولت اور تعلیم سے ہم آہنگ ماحول میسرآئے گا جس کے لئے آزاد کشمیر کی حکومت اور طالبات کے والدین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے احسان مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کوٹلی نے مختصر مدت میں جو شاندار تعلیمی ترقی کی اس پر جامعہ کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ جامعہ کی انتظامیہ، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی اجتماعی سوچ اور کوششوں سے جامعہ کوٹلی جلد قومی اور بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ تعلیم کا ایک شاندار مرکز بن کر اُبھرے گی۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے پاکستان ہائیر ایجوکیشن ریسرچ نیٹ ورک اور سمارٹ یونیورسٹی پراجیکٹ کے تحت جامعہ کے طلبہ اور فیکلٹی کو 24گھنٹے ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کی فراہمی سے جہاں علم کے نئے اور جدید ذرائع تک بلا معاوضہ رسائی آسان ہو جائے گی وہاں کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے طلبہ و طالبات کو آن لائن کورسز اور گھر بیٹھے کثیر آمدنی حاصل کرنے کے ذرائع بھی میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ یونیورسٹی پراجیکٹ کے تحت جامعہ کی انتظامیہ اور اساتذہ کو کلاس روم مانیٹرنگ، لیبارٹری، میں طلباوطالبات کی تدریسی سرگرمیوں کو آن لائن نگرانی کرنے کے ساتھ کیمپس کی سکیورٹی کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ جامعہ کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد کے ذمہ دار افسران کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ انہیں یہ جان کر نہایت مسرت ہوئی کہ اعلیٰ تعلیمی کمیشن نے ملک کے دور دراز علاقوں کے لئے سمارٹ یونیورسٹی پراجیکٹ کی طرز پر 13منصوبے منظور کئے تھے اور جامعہ کوٹلی پہلی جامعہ ہے جس نے یہ منصوبہ سب سے پہلے مکمل کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے اس شاندار کامیابی پر جامعہ کوٹلی کے وائس چانسلر اور دوسرے انتظامی آفیسران کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ جامعہ کوٹلی کے نو تعمیر شدہ رہائشی بلاک میں طالبات کو بہترین رہائشی سہولتوں کے ساتھ سازگار تعلیمی ماحول اور کردار سازی کے مواقع مہیا کئے جائیں گے۔ جامعہ کے شعبہ تحقیق کے طلبہ کی طرف سے ڈرون کی تیار اور نمائش پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ انہیں جامعہ کے طلبہ کی طرف سے علم کو تجربے میں بدلنے کا مظاہرہ دیکھ کر بے حد مسرت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف کسی ایک شعبہ کے طلبہ کی کارکردگی نہیں جو قابل ستائش ہے بلکہ مجھے یقین ہے کہ عام شعبہ جات کے طلبہ و طالبات اپنے اپنے میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہ مجھے جامعہ کے طلبہ سے یہ بھی امید ہے کہ کوٹلی یونیورسٹی کے طلبہ اگلے چند سال میں چار سے پانچ رجسٹرڈ شدہ اور صنعتی مصنوعات تیار کر کے جامعہ کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی باعث مسرت ہے کہ جامعہ کوٹلی میں بائیو ٹیکنالوجی، نینو ٹیکنالوجی سے لے کر مصنوعی ذہانت اور روبوٹ مطالعہ جیسے علوم کے علاوہ بزنس ایڈمنسٹریشن اور انسانی وسائل کی ترقی سے متعلق سماجی علوم بھی پڑھائے جاتے ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے جامعہ کی طرف سے بین الاقوامی سائنس کانفرنس، سی پیک سمینار ، جاب فیئر اور دوسرے اہم نوعیت کے پروگرام کرانے پر جامعہ کی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔
قبل ازیں صدر آزادکشمیر نے 132ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے گرلز ہاسٹل کا افتتاح کیااور ہاسٹل کے مختلف حصو ں کا دورہ کر کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ صدر سردار مسعود خان نے یونیورسٹی کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے طالب علم راشدلطیف کی طرف سے بنائے گے ڈرون کی آزمائشی پرواز کا مشاہدہ بھی کیا۔ صدر آزادکشمیر نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 32طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے۔

Download as PDF